یکساں سیول کوڈ کے معاملے پربہار کے مظفرپور شہرمیں شیعہ اورسنی علما نے
مشترکہ احتجاجی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں دونوں ہی طبقوں کے عوام نے بڑھ
چڑھ کرحصہ لیا۔ اجلاس کا انعقاد مظفرپورشہرکی شیعہ جامع مسجد میں ہوا۔
یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی سرکاری تجویز کی مخالفت میں ہرگزرتے دن کے ساتھ
شدت آتی جا رہی ہے۔ ملک بھرکے بزرگ، نوجوان، خواتین وعلمائے کرام سراپا
احتجاج بنتے جا رہے ہیں۔ بہارمیں بھی یکساں سیول کوڈ کی مخالفت کا سلسلہ
جاری ہے۔
اس مسئلے پربہارکے شہرمظفرپورمیں شیعہ اورسنی علما اورعوام نے مشترکہ
طورپراحتجاجی اجلاس منعقد کیا۔ اس
موقع پرشیعہ اورسنی دونوں طبقوں نے یکساں
سیول کوڈ کی سرکاری تجویز کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کیا اورمرکزی حکومت
کوانتباہ کیا کہ وہ سیول کوڈ میں یکسانیت کی کوشش سے بازآ جائے۔
اس موقع پرشیعہ عالم دین سید کاظم شبیب نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ
پہلے مسلمانوں کے دیگرحقوق دلانے کی مہم چلائے اور تین طلاق جیسے مسائل
مسلم علمائے کرام پرچھوڑدے۔
اجلاس میں مظفرپورشہرکی سنی جامع مسجد کے امام مولانا الحسن نے بھی شرکت
کی۔ انہوں نے کہا کہ مظفرپورشہرکے شیعہ، سنی علما اورعوام مسلم پرسنل لا
بورڈ کی رہنمائی میں یکساں سیول کوڈ کی مخالفت کی تحریک جاری رکھیں گے۔